چترال میں برفباری کا سلسلہ جاری، مقامی افراد کی مشکلات بڑھ گئیں

153
winds and thunder

پشاور:چترال میں 4 دن سے مسلسل ہونے والی برف باری پیر کے روز بھی جاری رہی، جس کی وجہ سے مقامی علاقوں میں مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپر چترال روڈ، بونی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بدستور بند ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کالاش ویلیز کی سڑکوں کو جزوی طور پر بحال کر لیا گیا ہے، مگر بعض مقامات پر لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔

علاوہ ازیں بمبوریت اور شیخاندہ میں 2فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے اور بونی، مستوج، یارخون، کھوت، ریچ، شاگرام اور تورکہو میں بھی 2 فٹ سے زیادہ برف پڑنے سے سڑکوں کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔ لواری ٹنل روڈ پر برف کی تہہ 32 انچ تک پہنچ گئی ہے، تاہم روڈ کی صفائی کا عمل جاری ہے۔ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کو سنو چین کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چترال میں برفباری کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہے، جس کے باعث لوگ انٹرنیٹ اور موبائل چارج کی سہولت سے محروم ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ایس آر ایس پی کی بجلی گھر کا چینل سلائیڈنگ کی وجہ سے درجنوں فٹ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں لوگ تاریکی میں رہنے پر مجبور ہیں۔