لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ہونہار اسکالرشپ کو 100 ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پنجاب حکومت نے اگلے سال مزید20 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی نوجوانوں کے لیے نئے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کے لیے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے جب کہ طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
صوبے میں کالجز اور یونیورسٹیوں میں ای بائیکس چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ مریم نواز نے اس حوالے سے کہا کہ نوجوانوں کا ہاتھ تھام لیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ ہم ان کے بہتر مستقبل کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس اور جدید آئی ٹی علوم کی تعلیم نوجوانوں کے لیے ناگزیر ہے۔ چین میں کم عمر بچوں کو جدید ٹیکنالوجیز سیکھتے دیکھ کر حیرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی اپنے بچوں کو ایسے ہی مواقع فراہم کریں گے۔
نئے تعلیمی اور معاشی منصوبے
پنجاب حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایگریکلچر، انوائرمنٹ اور دیگر شعبوں میں پیڈ انٹرن شپس کا آغاز کیا گیا ہے جب کہ مستحق طلبہ کو قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ تعلیم مکمل کر کے والدین پر بوجھ بننے کے بجائے اپنے کاروبار شروع کریں۔
طلبہ کے لیے سہولتیں
انہوں نے کہا کہ بسیں خصوصی طور پر بچیوں کو آمد و رفت کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں۔ لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کی گئی ہے اور پہلی کھیپ بھی پہنچ چکی ہے۔ ایڈمیشن بچوں کا کام جب کہ فیس ادا کرنا حکومت کی ذمے داری ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپ مکمل میرٹ پر دیے جا رہے ہیں اور کسی کا سیاسی یا جماعتی تعلق معلوم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماں کے لیے سارے بچے برابر ہیں، کسی بچے کا تعلیم سے محروم رہنا میری ناکامی ہوگی۔
انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ جمہوریت میں اختلاف رائے جائز ہے، لیکن اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔