رائے پور:بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں ماؤنواز باغیوں نے سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی پر بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اہلکار نارائن پور، دانتے واڈا اور بیجاپور میں آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ ماؤ نواز باغیوں کے حملے کا شکار ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چھتیس گڑھ میں سیکورٹی فورسز اور ماؤنواز باغیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں، جن میں دونوں جانب سے ہلاکتیں ہوئیں۔ عالمی حالات پر نظر رکھنے والے مبصرین نے اس حملے کو بھارت میں بڑھتےہوئے سیکورٹی چیلنجز اور مودی سرکار کی ناکامی قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی مختلف ریاستیں بی جے پی کی کٹھ پتلی مودی سرکار کی انتہا پسندانہ پالیسیوں سے متاثر ہیں اور ان کی وجہ سے ملک بھر میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ خصوصاً اقلیتیں بھارت میں خود کو غیر محفوظ تصور کرتی ہیں۔
بھارت میں اکثر فالس فلیگ آپریشنز کی آڑ میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جس سے عوام میں مزید بے چینی اور اضطراب پیدا ہوتا ہے۔ چھتیس گڑھ کا واقعہ بھی اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ مودی حکومت سیکورٹی اور عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔