بھارت کے معروف عوامی شاعر اور عام آدمی پارٹی کے رہنما کمار وِشواس نے بھی اب مسلمانوں کے خلاف اظہارِ نفرت کے حوالے سے شناخت قائم کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ کسی جواز کے بغیر کمار وِشواس نے بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ اُس نے بیٹے تیمور کو ایک ایسے حکمران سے موسوم کیا ہے جس کی نسل نے بھارت پر حملہ کیا تھا۔
کمار وِشواس کا کہنا ہے کہ بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کا گھرانہ نواب ہے اور وہ دہلی کے نزدیک پٹوڈی نامی چھوٹی ریاست (رجواڑے) کا حامل ہے مگر اُس نے اپنے بیٹے کو ایک ایسے حکمران سے موسوم کرنا کسی بھی طور درست نہیں جس نے بھارت پر حملہ کیا ہو۔
کمار وِشواس کے پیدا کردہ اس تنازع کے حوالے سے اپنے ریسپانس میں کانگریس پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرح اب عام آدمی پارٹی بھی بے بنیادی نوعیت کے معاملات کو اُچھال کر میڈیا میں in رہنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دہلی اسمبلی میں کانگریس کے ارکان کا کا کہنا ہے کہ اروند کیجری وال مذہبی ہم آہنگی کی بات کرتے رہے ہیں مگر اب اُن کی پارٹی کے قائدین لاحاصل باتیں کرکے ہم آہنگی کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں۔
کمار وِشواس عوامی انداز کے شاعر ہونے کے حوالے سے غیر معمولی شہرت کے حامل ہیں۔ وہ اور راحت اندوری مرحوم مل کر مشاعروں کی رونق بڑھایا کرتے تھے مگر اب کمار وِشواس عوامی شاعر کی حیثیت سے کمائی ہوئی شہرت کو ٹھکانے لگانے پر تُلے ہوئے ہیں۔ جو کچھ وہ کہہ رہے ہیں وہ بنیادی طور پر عام آدمی پارٹی کی پالیسیوں کے بھی خلاف ہے۔