ای سی سی:وزارت دفاع کیلیے 1.9 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور

135

اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری سمیت اہم گرانٹس کی منظوری دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اہم منصوبوں اور اداروں کے لیے مالی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت دفاع کے لیے 1.9 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ قومی کمیشن برائے خواتین کے لیے 52 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی تاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے منصوبے آگے بڑھ سکیں۔

ای سی سی نے سیف سٹی منصوبے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 1.72 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ یہ منصوبہ شہریوں کی حفاظت اور مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 1.67 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، تاکہ عوام کو سبسڈائزڈ اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

علاوہ ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت داخلہ کی سیف سٹی پروجیکٹ اسلام آباد کے بقایا واجبات کی ادائیگی کے لیے ایک درخواست منظور کرلی، جس کے تحت ہواوے ٹیکنالوجیز کمپنی کو 1.72 ارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں وزارت صنعت و پیداوار نے گودام اور لاجسٹکس سیکٹر کو صنعت قرار دینے کی تجویز پیش کی، جسے ای سی  اجلاس میں منظور کرلیا گیا۔

ای سی سی اجلاس میں کیے گئے مالی اقدامات کا مقصد حکومتی اداروں کی فعالیت اور عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا ہے۔ اجلاس کے دوران تمام منظوریوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور منصوبوں کی شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔