کراچی: وفاقی حکومت کے قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2024 تک مرکزی حکومت کے قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 70 ہزار 366 ارب روپے پر پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا قرضوں پر انحصار مزید بڑھ گیا ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نومبر 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا ڈیٹا جاری کردیا۔
ذرائع کا کہناہے کہ اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ جولائی سے نومبر 2024 کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں ایک ہزار 452 ارب روپے جب کہ نومبر کے ایک مہینے میں مرکزی حکومت کے قرضوں میں ایک ہزار 252 ارب روپےکا اضافہ ہوا۔
دستاویز کے مطابق دسمبر 2023 سے نومبر 2024 کے ایک سال میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں 6 ہزار 975 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 70 ہزار 366 ارب روپے رہا جس میں مقامی قرضہ 48 ہزار 585 ارب روپے اور بیرونی قرضے کا حصہ 21 ہزار 780 ارب روپے تھا۔