اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کے مقدمے میں مسلسل عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب کی برآمدگی کے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ بھی عدالت میں حاضر نہ ہو سکے۔
عدالت نے عدم پیشی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو ملزم پیش ہوا ہے اور نہ ہی وکیل، اس طرح کی مسلسل غیر حاضری ناقابل قبول ہے۔
فاضل جج نے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزم علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ اس کیس میں علی امین گنڈاپور کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا، تاہم بعد ازاں ضلعی عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم کر دیا تھا۔