حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا‘ حافظ حمد اللہ

101

جیکب آباد(آئی این پی)جمعیت علما اسلام کے رہنما و سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور بدمستیوں کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا، حمود الرحمن کمیشن کی رپورٹ میں سب کچھ واضح ہے ملک توڑنا دہشت گردی ہے اور جس پر ثابت ہوکہ وہ ملک توڑنے کا مجرم ہے اس کو مینار پاکستان پر لٹکا یا جائے۔ یہ ملک نہ جمہوری ہے نہ اسلامی اور نہ قائد اعظم کا پاکستان ہے، ہم اس ملک کو علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کی کوشش سے بنا ملک بنانا چاہتے ہیں۔ علما نے تو ملک کو جوڑنا چاہا اس ملک کو آئین دیا۔ یہ ملک آئی ایم ایف کے لیے نہیں بنا اس ملک کے قانون ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر نہیں بلکہ عوامی امنگوں کے تحت بنے گے۔ اقتدار کی خاطر اپنے عقیدے کا سودا کبھی نہیں کریں گے جس وزارت کی وجہ سے عقیدہ ختم نبوت پر حرف آئے تو اس پر ہم تھوکنا بھی پسند نہیں کرتے، جن حکمرانوں کو 77 سال سے حکومتیں ملتی رہی وہ ہمیشہ سے خائن رہی ہیں۔ جو انگریزوں کے چاپلوس اور جاسوس رہے آج وہی اس ملک پر حکمران ہیں اور اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ میں روکاٹ بھی وہی چاپلوس ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے شہر جونگل میں عالمی تحفظ ختم نبوت کی جانب سے ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی رہنما عبد الرزاق عابد لاکھو، صوبائی ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری، ختم نبوت کے رہنماؤں مولانا محمد راشد مدنی، مولانا عبد الحفیظ قریشی ، مولانا محمد ناصر ، مولانا سلیم اللہ بروہی و دیگر نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ کوئی متنازعہ عقیدہ نہیں اور نہ کوئی اختلاف کی گنجائش ہے جو بھی اس عقیدے پر اختلاف رکھے تو وہ متفقہ طور پر دائرے اسلام سے خارج ہے، 1974 کی پارلیمنٹ علما کی نمائندگی کے ساتھ یہ فیصلہ دی چکی ہے، مختلف ادوار میں عالمی سامراج کے اشاروں پر ناموس رسالت کے قانون کو نشانہ بنایا گیا اور ختم نبوت کے قوانین کو کمزور کرنے کے لیے دفعات کو نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن اسمبلی کے اندر اور باہر میدان میں انہیں جمعیت علما اسلام کھڑی نظر آئی ختم نبوت کے قوانین میں ترمیم کی کوشش کی گئی تو ہم اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں میں ختم نبوت پر حملے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں نے عالمی قوتوں کے اشاروں پر عقیدہ ختم نبوت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن جے یو آئی نے عقیدہ ختم نبوت کی جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ہم نے ہمیشہ منکرین ختم نبوت کا پارلیمنٹ کے اندر اور میدان میں مقابلہ کیا۔