ملک میں صرف اللہ کا دین ہی کامیاب ہوسکتا ہے،امیرالعظیم

92

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہاہے کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک کے اندر صرف اللہ کا دین ہی کامیاب ہو سکتا ہے۔ اسلام ایک مکمل نظام ہے، اگر یہ قائم نہیں ہو گا تو اس کی برکات حاصل نہیں ہو ں گی۔جماعت اسلامی کی ساری جدوجہد کامقصد وطن عزیز میں اسلامی نظام کاقیام ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ضلعی وزونل ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے صوبائی امیرجاوید قصوری ، ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ، سیکرٹری یاسر اقبال کھارا نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اغیار کی غلامی میں دینے والے حکمران خود کو قوم کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے۔ آج پاکستان کی معیشت برباد ہو چکی ہے۔حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک غربت اور جہالت میں ڈوبا ہوا ہے لیکن ہماری سول اور غیر سول افسرشاہی اپنے ٹھاٹھ باٹھ چھوڑنے کو تیار نہیں ہے۔ملٹی نیشنل کمپنیاں خون نچوڑ رہی ہیں۔ جو حکومت آتی ہے وہ پروٹوکول اور اپنی مراعات کے حصول میں کمی تو کرتی نہیں بلکہ الٹا ملک کو مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیتی ہے۔ ہمارے ملکی اور قومی مسائل کے بارے میں پالیسیاں بنانے والے اصل لوگ عوام کو درپیش مسائل سے واقفیت ہی نہیں رکھتے ۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پوری قوم کویرغمال بنایا ہوا ہے۔ہماری اصل لڑائی موجودہ فاسد نظام سے ہے۔ ہم اس میں پیچ ورک کے قائل نہیں، ہم اسے جڑ سے اکھاڑ دینا چاہتے ہیں۔ ہماری تحریک اسلام کے غلبے کی تحریک ہے 75 افراد کا یہ قافلہ آج کروڑوں افراد کا قافلہ بن چکا ہے، ہمیں اپنے پیغام کو ہر گھر میں پہنچانا ہے ۔ دعوت کے میدان میں آگے بڑھیں گے اور اس تحریک کو طاقت ور بنائیں گے۔