ججز کی تعیناتی کے لیے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات

34

اسلام آباد (صباح نیوز) اعلیٰ عدلیہ میں سنیارٹی کی بنیادپرججز کی تعیناتی کے لئے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے معاملہ پرسپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج اور آئینی بینچ کے رکن جسٹس جمال خان مندوخیل آج پیرکے روزدن 2بجے سماعت کریں گے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سینئرو کیل سینیٹر حامد خان اور سید صلاح الدین احمد پیش ہوں گے۔
درخواستیں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں میں وفاق پاکستان اوردیگر کو وزارت قانون وانصاف کے توسط سے فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستیں 2021اور2022میں دائر کی گئی تھیں۔ دوسری جانب سے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان، جسٹس قاضی محمد امین احمد اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی بطور سپریم کورٹ ججز تعیناتی کے خلاف دائردرخواستوں پر بھی جسٹس جمال خان مندوخیل آج (سوموار)کے روز چیمبر میں سماعت کریں گے۔ درخواست پشاورہائی کورٹ کے مرحوم چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ ، خیبرپختونخوا بارکونسل اور سندھ بار کونسل کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں میں حکومت پاکستان کوسیکرٹری وزارت قانون و پارلیمانی امور ڈویژن اورجوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو رجسٹرارسپریم کورٹ آف پاکستان کے توسط سے فریق بنایا گیاہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل سینیٹر حامد خان، قاضی محمد انور ، سید حیدرامام اوردیگر وکلاء پیش ہوں گے۔