اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کے داعی تھے، آمریت اور جبر کے خلاف ثابت قدم رہے، ذوالفقار بھٹو نے ہمیں پہلا متفقہ طور پر منظور شدہ 1973ء کا آئین دیا، وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے97ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ بھٹو شہید نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی
بنیاد رکھی۔ ہمارا ایٹمی پروگرام ہماری خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے، شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی۔ شہید بھٹو کی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے 1974ء میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔ ترقی پسند، خودمختار اور جامع پاکستان کا شہید بھٹو کا خواب آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے، آئیں ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلیے ملکر کام کریں۔