اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 ء کے بعد سے کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ایک سلسلے کے ذریعے بھارت، متنازع جموں و کشمیر کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا مقصد اکثریتی کشمیری عوام کو ان کے اپنے ہی وطن میں ایک بے اختیار اقلیتی برادری میں تبدیل کرنا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 جنوری، کشمیریوں کے ’یومِ حق خود ارادیت‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔1949ء میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے تاکہ کشمیری عوام کے لیے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیا جا سکے۔حق خود ارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، وزیراعظم نے کہا کہ
ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جو لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی وکالت کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے واضح حمایت کا اظہار کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ انتہائی قابل افسوس امر ہے کہ کشمیری عوام 7دہائیوں سے اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کرسکی۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے بامعنی اقدامات اٹھائے، جن کی بدولت جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں۔ عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت، غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے ایسے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے، جن سے اس علاقے کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ نوعیت کو نقصان پہنچے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کچلتے ہوئے کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت، جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے، کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں، ان کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
شہباز شریف