سیسی گورننگ باڈی اجلاس ، ویجیلنس اینڈ سروے سیل کو فی الفور بند کرنے کا فیصلہ

171
صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل ، چیئرمین گورننگ باڈی سیسی شاہد عبدالسلام تھیم سیسی ہیڈ آفس میں گورننگ باڈی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کی گورننگ باڈی کا 170واں اجلاس سیسی ہیڈ آفس میں منعقد ہوا جس میں متعدد ڈیپارٹمنٹ و افسران کی کارکردگی کا تنقیدی جائزہ لیا گیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کی گورننگ باڈی کا 170واں اجلاس صوبائی وزیر محنت و ہیومن ریسورس سندھ، شاہد عبدالسلام تھیم کی سربراہی میں سیسی ہیڈ آفس میں منعقد ہوا، جس میں ممبران گورننگ باڈی محترمہ زہرا خان، مختار اعوان، محمد خان ابڑو، عبدلواحد شورو، دانش خان و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبران کے علاوہ ادارے کے کمشنر سیسی میانداد راہجو سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی اہم بات سنگین شکایات پر گورننگ باڈی سیسی کی جانب سے متفقہ طور پر ویجیلنس اینڈ سروے سیل ڈیپارٹمنٹ کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔ کئی سالوں سے ویجینلس اینڈ سروے سیل مزدوروں کی سیسی میں رجسٹریشن کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔ ڈائریکٹر ویجیلنس اینڈ سروے سیل کے عہدے پر کئی سالوں تک براجمان رہنے والے سابق ڈائریکٹر ویجیلنس کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی ہیں۔ سیسی کے سروس ریگولیشن 2023 کے نوٹیفکیشن میں ہونے والی غیر قانونی ردوبدل پر غور کیا گیا، کئی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں ایجنڈا کافی طویل ہونے کی وجہ سے کئی دیگر اہم امور زیر بحث نہ آسکے۔ تا ہم کینسر کے علاج معالجے کے منظوری کے حوالے سے تین اہم کیسوں کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ تحفظ یافتہ محنت کشوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تین مختلف ڈسٹرکٹ میں شام کی شفٹ میں ڈسپنسریاں کھولنے اور طبی سہولیات کی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دوران میٹنگ گورننگ باڈی ممبران نے سیسی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کے اہم عہدے پر فائز افسر کی جانب سے چند ماہ قبل ممبر گورننگ باڈی محمد خان ابڑو کے خلاف چلائی جانے والی ڈیفی میشن مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وزیر محنت نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی سرزنش کی اور موقع پر ہی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کو محمد خان ابڑو سے معذرت کرنے کا کہا گیا جس پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے محمد خان ابڑو سے اپنے ماضی کے غلط رویہ پر معافی مانگی۔ اس موقع پر چیئرمین و ممبران گورننگ باڈی نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی بھی ہدایت جاری کیں، اطلاعات کے مطابق ان کا سائٹ ایسٹ ڈائریکٹوریٹ تبادلہ کردیا گیا ہے۔