چیئرمین سیسی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نوشاد اختر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم SEWA کی جانب سے سینئر ڈائریکٹر اکبر علی منگی کی بطور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن تعیناتی کو سیسی میں ایک مثبت تبدیلی سمجھتے ہیں اور یہ کمشنر سیسی میانداد راہجو اور گورننگ باڈی سیسی کا ایک اچھا فیصلہ ہے، جس سے ادارے میں ایک اچھا اور بہتر ماحول قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ کئی سالوں سے مخصوص دو افسران ہی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی پوسٹ پر تعینات ہورہے تھے جن فیصلوں و اقدامات کی وجہ سے وہ متنازعہ بھی رہے ہیں۔ ڈائریکٹر اکبر علی منگی کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ انہوں نے ماضی میں بطور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کسی بھی غیر قانونی دباؤ کو قبول نہیں کیا اور نہ سیسی ملازمین میں کسی بھی طرح کی جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ حالیہ تبدیلیاں و تعیناتیاں سیسی میں سالوں سے قائم جمود و گروپ بندی کو توڑنے میں مدد گار ثابت ہوں گی، اور اس سے سیسی میں ماحول سازگار ہوگا اور تنازعات و اختلافات میں کمی واقع ہوگی۔