سعودی عرب میں پاکستانی ایگزیکٹیو فورم (وومن ونگ) ریاض کی صدرمحترمہ تسنیم امجد کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ آفیسرسمیت بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وسیم خان کی رپورٹ کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ کے ٹریڈ آفیسرمنیرحسن نے پاکستانی ایگزیکٹیو فورم کی کاوشوں کو خوب سراہا اور کہا کہ پاکستان کو اس طرح کے فورم کی اشد ضرورت ہے کہ ہم متحد ہوکر پاکستان کی معیشت کے لیے اپنا کردار اداکرسکیں اورانٹرنیشنل مارکیٹ میں جو ہمارے مدمقابل ہیں انکا مقابلہ کرسکیں۔ سعودی عرب کی مارکیٹ بہت بڑی ہے ہم یہاں سے اس فورم کے ذریعے آئ ٹی سیکٹر سمیت کنسٹرکشن اورمٹیریل سیکٹرمیں بہت فائدہ اٹھاسکتے ہیں اوراس حوالے سے یقیناً کوشش کرنی چاہیئے. سفارت خانہ پاکستان ہر سطح پر پاکستانی ایگزیکٹیو فورم کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا تاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے بزنس کمیونٹی کو تمام سہولیات اورمواقع مہیا کیا جاسکیں۔ تقریب کی میزبان تسنیم امجد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں فورم کے کام کو فعال بنانے کے لیے ہمیں ضرورت ہے کہ ہم اپنے کام ، کوالٹی اور وعدے پر کسی بھی طرح کا کمپرومائیز نا کریں اور سچے دل اور خلوص نیت کے ساتھ کام کریں جہاں ہماری خواتین بیٹھیں ہیں انکو متحرک کرتے ہوئے کام کو مذید تیز کیا جائے تاکہ مثبت نتیجہ حاصل ہوسکے۔ تقریب کے مہمان اعزازی بانی و مرکزی صدرپاکستانی ایگزیکٹو فورم منیراحمد شاد، بازغہ روحیل، مسزسمیرہ، عفت بابر، شاہین جاوید،عاصمہ فیصل، سویرا جاوید اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔