جدہ میں پاکستان پیپلزکمیونٹی کے زیرِاہتمام بےنظیربھٹوشہید کی17ویں برسی

98
آفتاب ترابی ، تصور چودھری ،سردار عنایت اللہ عارف اور سردار اشفاق دعا کررہے ہیں

جدہ میں پاکستان پیپلزکمیونٹی کےزیراہتمام دخترمشرق سابق وزیرأعظم پاکستان محترمہ بے نظیربھٹو شہید کی 17ویں برسی کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنان کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد محترمہ کی سیاسی جدوجہد، قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق مشیربرائے صدر آزاد کشمیر سردارعنایت اللہ عارف تھے، جبکہ صدارت صدرپیپلزکمیونٹی سعودی عرب چوہدری تصور حسین نے کی۔ اس موقع پرعمرہ کی سعادت کے لیے آئے ہوئے کشمیر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ہارون بشیر بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض آفتاب احمد ترابی نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی جدوجہد اور ان کی ملک کے لیے خدمات کو سراہا۔ صدر پیپلز کمیونٹی سعودی عرب چوہدری تصور حسین نے کہا کہ محترمہ شہید بےنظیر بھٹو نے نہایت دلیری کے ساتھ اپنی پوری زندگی جمہوریت کی بحالی اور آئین کی پاسداری کے لیے وقف کر دی۔ وہ عوام کی طاقت پر یقن رکھتی تھیں ان کی قربانیاں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ سابق مشیر سردار عنایت اللہ عارف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت پاکستان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ ایک دلیر اور بصیرت رکھنے والی رہنما تھیں، جنہوں نے ہر موقع پر آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑی آج انکا مشن انکا صاحبزادہ بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری احسن طریقے سے لیکر چل رہے ہیں اور پاکستان کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کا واحد حل پیپلز پارٹی ہی ھے۔ اس وقت ہم سب نے ملکر اپنے قائدین اور جماعت کو منظم اور مضبوط بنانا ہے۔ دیگر مقررین میں سینئر نائب صدر ملک جاوید، صدر مسلم کانفرنس سردار اشفاق، قائم مقام کنوینئر کشمیر اوورسیز کمیونٹی انجینئر عارف مغل، میڈیا سیکرٹری مسلم لیگ ن چوہدری احسان الٰہی گجر، ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر راجہ شمروز، سردار مہتاب احمد خان، حسان قاسم مکہ، عدیل نفیس مدینہ سمیت کئی دیگر رہنما شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قربانیاں اور ان کا سیاسی ورثہ پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔تقریب میں دیگر نمایاں شخصیات میں شریف زمان، راجہ ریاض، قاسم سینڈھ، خلیل عبدالعزیز، عمران رضا کے علاوا بڑی تعداد میں کارکن شریک ہوئے، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ کی خدمات کو خراجِ عقیدت و تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے اور سعودی عرب کے فرماروا ملک سلمان اور محمد بن سلمان کی صحت و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محترمہ کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت اور آئین کی سربلندی کے لیے اپنی جدوجہد رکھیں گے۔