پاکستان رائیٹرزکلب ریاض: قائدِاعظم محمدعلی جناح کےیوم ولادت پرتقریب

71
تقریب کے شرکاء کا صدر نوید الرحمن کے ساتھ گروپ فوٹو

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں پاکستان رائیٹرز کلب کی جانب سے بابائے قوم محمد علی جناح کے 148ویں یوم ولادت پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا جس کا شرف کلب کے نائب صدرزبیراحمد بھٹی کوحاصل ہوا۔ جبکہ نظامت کے فرائض لیڈیز چیپٹر کی ڈاکٹر فرح نادیہ نے اپنے مخصوص انداز میں سر انجام دیئے۔ ریاض سے عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ شہناز قریشی نے ملت کے پاسبان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی خدمات تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس کو آنے والی نسلیں بھی کبھی فراموش نہیں کر سکتی قوم کو آج قائد کے افکار اور اصولوں پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلب کے صدر نوید الرحمن کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے اتحاد ، ایمان ، اور تنظیم کے اصول آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے قائد کی بے مثال جدوجہد اور انصاف و مساوات پر گہرا یقین ایک ایسے ملک کی بنیاد بنا جس کا وجود آج ان کے نظریات کا مظہر ہے پاکستان رائیٹرز کلب کے صدر نوید الرحمن نے واضح کیا کہ ہمارے کلب کا کسی بھی سیاسی اور صحافتی ، تنظیموں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تعظیم حسین کا کہنا تھا کہ قائد ملت بانی پاکستان محمد علی جناح وہ سالار ملت تھے جنہوں نے درد کو دوا ، بادل کو ردا ، صر صر کو صباء اور ظلمت کو ضیاء کو پیرہن عطا کیا تقریب سے : ڈاکٹر راحیل احمد ، ارشد تبسم ، یوسف علی ، ڈاکٹر اصغر ، بلقیس صفدر ، مسز ظہیر مقبول ، مسز ثروت ، راجہ نوید الرحمن ، اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے نقش قدم پر چل کر پاکستان کو مضبوط ، خوشحال ، اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جا سکتا ہے یاد رہے ڈاکٹر تعظیم حسین ریجنل ڈائریکٹر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجن پاکستان سعودی عرب نے نوید الرحمٰن پریزیڈنٹ پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کو ان کی پاکستان سے محبت اور قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن پر کامیاب پروگرام کے انعقاد پر تعریفی شیلڈ پیش کی۔