کراچی (جسارت نیوز) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے حق خود ارادیت اور مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی یاد دہانی کے دن کے حوالے سے اپنے جاری بیان میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد وںپر عمل کرتے ہوئے کشمیر کو مکمل آزادی دی جائے اور عالمی طاقتیں کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق بشمول جان مال صحت اظہار رائے کی آزادی اور اسمبلی کے حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے ، سردار عبدالرحیم نے کہا کہ حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایک بنیادی حق ہے جس کی نفی اس عالمی اعلامیے اور اس کے معاہدوں کی نفی ہے، بھارتی پارلیمنٹ نے اپنے ہی آئین کو روندتے ہوئے جنت نظیر کشمیر کو ہڑپ کرلیا اور کشمیر کی خودمختاری کو ختم کیا جو خود بھارت کے بانی رہنماؤں نے 1947 سے دے رکھی تھی۔