کراچی (جسارت نیوز) سندھ میں گزشتہ سال تین لاکھ افراد کو آوارہ کتوں نے بھنبھوڑ ڈالا، سال 2024 میں صرف کراچی میں کتوں کے کاٹنے سے 18 افراد جاں بحق جبکہ 70 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔سندھ میں سگ گزیدگی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، کراچی کے بڑے اسپتالوں سے سامنے آنے والے ہوش ربا اعدادوشمار کے مطابق جناح اسپتال میں کتے کے کاٹنے کے 47 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ویکسین نہ ہونے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے۔اسی طرح انڈس اسپتال میں 15 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ریبیز وائرس سے 7 شہریوں کی موت ہوئی۔ سول اسپتال میں 36 ہزار سے زائد کیسز لائے گئے، جن میں میں 16 ہزار 150 افراد کو اینٹی ریبیز ویکسین لگائی گئی۔انچارج ڈاگ بائیٹ کلینک سول اسپتال ڈاکٹر رومانہ فرحت نے کہاکہ چھوٹے بچے کتوں کا آسان ہدف ہیں، ان واقعات کی روک تھام کیلیے وجوہات کو ختم کرنا ضروری ہے۔شہریوں نے بھی آوارہ کتوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔سگ گزیدگی کے زیادہ تر کیسز بلدیہ، سرجانی، لیاری جیسے علاقوں سے آرہے ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق کتے کے کاٹنے کے بعد ڈیٹرجن سے 15 سے 20 منٹ تک متاثرہ جگہ کو دھونا ضروری ہے۔