کراچی(جسارت نیوز)کراچی میں سال 2024 ء میں پکڑے جانے والے ہزاروں اسٹریٹ کرمنلز کو سزائیں نہ ہونے اور عدالت سے باعزت بری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ناقص تفتیش اور ناکافی شواہد کے باعث ہزاروں اسٹریٹ کرمنلز رہا کردیے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 ء میں اسٹریٹ کرائم کے 4571 کیسز کا فیصلہ سنایا گیا، 5 ضلعی عدالتوں میں محض71 کیسز میں ہی پراسکیویشن الزام ثابت کرنے میں کامیاب رہی، عدم شواہد کی بنا پر عدالتوں نے 4500 ملزمان کو باعزت بری کردیا۔رپورٹ کے مطابق ملزمان کی بریت کا تناسب 92.5 فیصد اور سزائوں کا تناسب محض 8.5 فیصد رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 ء میں ضلع جنوبی کی عدالتوں نے 527 کیسز کا فیصلہ سنایا، جن میں سے صرف 14 ملزمان کو سزائیں ہوئیں جبکہ 513 ملزمان باعزت بری ہوئے۔کراچی کی ضلع شرقی کی عدالتوں نے 1609 کیسز کا فیصلہ سنایا، جن میں سے صرف 37 کیسز میں سزائیں ہوئیں جبکہ 1572 ملزمان رہا ہوئے۔ضلع عربی کی عدالتوں سے 318 کیسز کا فیصلہ سنایا گیا اور محض 5 کیسز میں ہی ملزمان کو سزائیں ہوسکیں اور 313 رہا کردیئے گئے۔اسی طرح ضلع وسطی کی عدالتوں نے717 کیسز کا فیصلہ سنایا، جہاں سے صرف 7 کیسز میں ہی سزا سنائی جاسکیں اور 700ملزمان رہا ہوئے۔ ضلع ملیر کی عدالتوں نے سب سے زیادہ 1400 کیسز کا فیصلہ سنایا اور صرف 8 کیسز میں ہی ملزمان کو سزائیں دے سکی، جبکہ 1392 ملزمان باعزت بری ہوئے۔رپورٹ کے مطابق عدالتوں میں اسٹریٹ کرائم کے 3 ہزار کے قریب کیسز زیر التوا ہیں جن کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔