جنوبی کوریا میں گزشتہ ہفتے ہونے والے خوفناک طیارہ حادثے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، جس میں179 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
تفتیشی حکام نے اعلان کیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے کاک پٹ وائس ریکارڈر (سی وی آر) کی ٹرانسکرپٹ تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اس سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب تھائی لینڈ سے جنوبی کوریا کے لیے روانہ جیجو ایئر کی پرواز 2216، جو 181 مسافروں اور عملے کو لے جا رہی تھی، اچانک ہنگامی لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگئی۔ غیر ملکی رپورٹس کے مطابق سی وی آر کی ریکارڈنگ طیارے کے آخری لمحات سے متعلق قیمتی معلومات فراہم کر سکتی ہے جو حادثے کی وجوہات جاننے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
حادثے کی جگہ پر جنوبی کوریا اور امریکا کے ماہرین بشمول بوئنگ کے عہدیداران مسلسل تحقیقات میں مصروف ہیں۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ لینڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وائس ریکارڈر کا ٹرانسکرپٹ آج مکمل ہونے کا امکان ہے، جبکہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (ایف ڈی آر) کو مزید تجزیے کے لیے امریکا منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں تفتیش کاروں نے جائے حادثہ سے طیارے کا انجن بھی برآمد کر لیا ہے جو تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ حادثے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی لیکن ممکنہ وجوہات میں پرندے ٹکرانے، لینڈنگ گیئر کی خرابی،یا رن وے پر کسی رکاوٹ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔