کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گھٹن زدہ ماحول میں شہریوں کے لیے کھیلوں کی مثبت سرگرمی کا انعقاد خوش آئند ہے، کراچی ایسا شہر ہے جس نے کھیلوں میں نمائندگی کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔
انوبھائی پارک ناظم آباد میں اسپورٹیفائی اسپورٹس لیگ کی اختتامی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ ماضی میں پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ کر کے چائنا کٹنگ کی نذر کیا گیا،کھیلوں کے میدان پر قبضہ کرنے کی وجہ سے عوام گراؤنڈ سے محروم ہوگئے،جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی آواز بن کر طے کیا کہ نوجوانوں کو مایوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز نے محدود و سائل و اختیارات کے باوجود مختصر وقت میں میدانوں اور پارکوں کو بحال کیا،جماعت اسلامی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے گی، ٹاؤن ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد کے چیئرمینز عوام کے تعاون سے کھیلوں کے مزید میدان آباد کریں گے اور عوام کے لیے ان میدانوں میں کوئی کمرشل ایکٹیویٹی نہیں کرنے دیں گے۔
منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی ضلع وسطی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اسپورٹس کی اتنی بڑی سرگرمی کا انعقاد کیا، ڈیڑھ سال کے عرصے میں 125 پارکوں کو عوام کے لیے بحال کروایا ہے، پارکوں کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں اورتعلیمی اداروں کو بھی بحال کررہے ہیں۔