کراچی میں کھلا گٹر ایک اور معصوم بچے کی زندگی نگل گیا

171

کراچی : شہر قائد میں کھلے گٹر نے ایک اور معصوم بچے کی جان لے لی، کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں 5 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ بچہ شادی کی تقریب میں شریک تھا، شادی ہال میں نکلا تو کھلےگٹر میں گرگیا۔

اندوہناک واقعہ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں شادی ہال کے قریب پیش آیا، جس میں گرنے والے بچے کی شناخت 5 سالہ حذیفہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد ایدھی رضاکاروں نے بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے اور 2 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد بچے کی لاش نکال لی۔

گٹر میں تیز بہاؤ کی وجہ سے لاش بہہ کرکورنگی پل کے نیچے نالے تک پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق بچےکی لاش جائے وقوعہ سے تقریباً 2 کلو میٹر دور سے ملی ہے۔

افسوسناک سانحے پر والدین اور اہل خانہ شدید غم میں مبتلا ہیں جبکہ علاقہ مکین بھی  سراپا احتجاج ہیں ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود بھی گٹر پر ڈھکنا نہیں لگایا گیا۔