کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے کہا ہے کہ صوبے میں متوقع بارش اور برفباری کے پیش نظر تمام اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، مختلف مقامات پر ریسکیو عملہ اور بھاری مشینری تعینات، فرضی مشقوں کے ذریعے اہلکاروں کو تیار کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ان کا کہنا تھا کہ کان مہترزئی، زیارت کراس، خوجک ٹاپ اور لکپاس پر سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں، روڈز پر پانی کے جماؤ کے خطرے کے پیش نظر نمک پاشی کے انتظامات بھی مکمل ہیں، انہوں نے کہا کہ برفباری کے دوران گاڑیوں کے ٹائرز کا معائنہ کریں، چین کا استعمال یقینی بنائیں، ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے مناسب پارکنگ کریں، روڈز پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے پاس جدید مشینری موجود، تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوجک ٹاپ پر برفباری کے دوران جدید مشینری سے برف ہٹانے اور نمک پاشی کا عمل جاری ہے، عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل ہے۔ عوام کا تعاون کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہوتا ہے۔