حکومتی معاشی پالیسی کشکول کے ارد گرد گھومتی ہے،جاوید قصوری

63

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سازشی ٹولہ انتشار اور افرا اتفری کو پروان چڑھا رہا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنائے تاکہ سیاسی و معاشی استحکام ممکن ہو، حالات سوچوں سے بھی زیادہ گھمبیر ہو چکے ہیں، بحرانوں نے ملک و قوم کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، ادارے کرپشن کا شکار اور معیشت جمود کی نذر ہو چکی ہے، پائیدار ترقی و خوشحالی کے لیے جمہوری اقدار، روایات کی مضبوطی لازم و ملزوم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معیشت میں استحکام اور مضبوطی کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات، ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کا قلع قمع، سیاسی صورتحال میں بہتری، کرپشن کا خاتمہ اور محب وطن قیادت میسر نہیں آ جاتی، اس وقت تک پاکستان کا عالمی برادری میں امیج بہتر نہیں ہو سکتا، ملکی حالات نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کشکول کے اردگرد گھومتی ہے، عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے، لیکن بد قسمتی سے حکمرانوں کے شاہانہ پروٹوکول اور مراعات پر خرچ کیا جا رہا ہے، نجکاری کے نام پر جو کھلواڑ اداروں کے ساتھ کیا جا رہا ہے، اس نے حکمرانوں کی اہلیت، صلاحیت اور قابلیت کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی کی طرف دھکیل دیا، فارم 47 والے پاکستان کو درپیش مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے غرض نہیں اور نہ ہی قومی سلامتی اور عزت و وقار کی قدر ہے، ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں، آئی پی پیز کے معاملے میں حکومت کی بے بسی دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کرپٹ مافیا حکومت کی رٹ سے بہت زیادہ طاقتور ہے۔