امریکا کی مذمت کرنے میں پی ٹی آئی کیوں ہچکچا رہی ہے؟ غلام مرتضیٰ

38

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، امریکا کی سیاسی مداخلت امریکا مخالف نئی عالمی صف بندی کو تیز اور مضبوط کر دے گی، اسرائیل کے مظالم اور فلسطینیوں کی نسل کشی مہم پر امریکا کی مذمت کرنے میں پی ٹی آئی قیادت کیوں ہچکچا رہی ہے؟ مذمت کیوں نہیں کرتی؟ اس کا جواب تو قوم ضرور مانگے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہال میں تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطینیوں پر امریکی ناجائز سرپرستی پر مسلم عوام میں امریکا کے خلاف نفرت عروج پر ہے، مسلم حکمران چاہے مصلحتوں اور بزدلی کا شکار ہوں لیکن مسلم اور غیر مسلم عوام اسرائیل اور امریکا کی مذمت کر رہے ہیں، ملک کے اندر دہشت گردی کی مذمت کے ساتھ عالمی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے سرپرستوں کی مذمت ضروری ہے۔