پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں بند عدالتیں دوبارہ بحال کرنے کا حکم دے دیا، رجسٹرار آفس پشاور ہائیکورٹ نے چیف جسٹس کی جانب سے حکم کے بعد جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں بند عدالتیں بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ہائیکورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سینئر سول ججز اپنے متعلقہ اضلاع میں جوڈیشل کام دوبارہ شروع کریں۔ ججز، عدالتوں اور ججز کے گھروں کو سیکورٹی فراہمی کے بعد عدالتی کام بحال کیا جائے۔ واضح رہے کہ امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث 2 اکتوبر 2024ء کو جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں عدالتیں بند کرکے یہ عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کی گئی تھیں اور جنوبی وزیرستان و ٹانک کے ججز ڈی آئی خان میں کام کررہے تھے۔