کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری و سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمداور ڈپٹی سیکرٹری اسد فاروق نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور کلب کے نو منتخب صدرفاضل جمیلی، سیکرٹری محمد سہیل افضل خان ودیگر عہدیداران سے ملاقات کی ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے نو منتخب عہدیداران کی کامیابی پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا ۔ صدر فاضل جمیلی نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ،صحافی برادری کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ملاقات میں پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف ،وائس پریذیڈنٹ ارشاد کھوکھر ،خازن عمران ایوب ، گورننگ باڈی کے ممبران عبدا لحفیظ بلوچ ،حماد حسین، میمونہ صدیقی ، کفیل احمد،محمد فاروق ،منظور شیخ،قاضی محمد یاسرو دیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے پریس کلب کے ممبران ، فری لانسراوریوٹیوبرز کے لیے تیار کیے گئے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کا دورہ کیا اور پریس کلب کے عہدیداران کی کوششوں کو سراہا ۔ منعم ظفر خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لیے شانہ بشانہ رہی ہے اور ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں کراچی پریس کلب اور پوری صحافی برادری کے ساتھ ہیں۔ یہ کلب ہمارے گھر کی طرح ہے ، ہم پوری باڈی کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ، امید ہے کہ نئی باڈی پریس کلب کے سیاسی و صحافتی کردار کو برقرار رکھے گی ۔سیکرٹری محمد سہیل افضل خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب جمہوری روایات کا پاسدار ہے اور جمہوریت ہی ہماری شناخت اور پہچان ہے ۔