لیویز کو پولیس فورس میں ضم کرنے کے خلاف قرار داد پیش

124

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان اسمبلی میں لیویز فورس کو پولیس فورس میں ضم کرنے کے خلاف قرار داد پیش کی گئی،وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لیویز فورس کو ختم کرنا نہیں چاہتے ۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کو اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی رحمت بلوچ نے لیویز فورس کو پولیس
فورس میں ضم کرنے کے خلاف قرار داد پیش کی ۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ لیویز ایک پرانی اور قبائلی فورس ہے اسے پولیس میں ضم کرنے کی بجائے سہولیات ، اسلحہ اور گاڑیاں دی جائیں۔ لیویز فورس کے جوانوں کی کیپسٹی بلڈنگ کی جائے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں لیویز فورس کو ختم کرنا نہیں چاہتے ۔ہم سب چاہتے ہیں کہ ہماری فورسز مضبوط ہو۔بلوچستان میں بی ایریا ختم نہیں کرنا چاہتے ،مگر ہم چاہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ ساتھ ریفارمز ہوں ۔بی ایریا کو اے ایریا میں تبدیل کرنے سے متعلق قرار داد پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے ۔کمیٹی میں حکومتی ارکان کے ساتھ اپوزیشن ارکان ، سول سوسائٹی اور بیوروکریٹ شامل ہوں۔میں چاہتا ہوں ہم سب مل کر اس بحث کریں اور متفقہ فیصلہ کریں ۔اجلاس میںاپوزیشن ارکان کی جانب سے قرارداد کی حمایت کی گئی ۔صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے ایوان کو بتایا کہ ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا نہ ہی کابینہ میں ایسی کوئی قانون سازی ہوئی ہے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی ، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی باتیں چل رہی تھیں۔