حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے حیدرآباد میں پی ٹی سی ایل کی جانب سے اپنے بنیادی فرائض کی ادائیگی میں ناکامی پر شدید مذمت کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کا ہیرآباد، اَناج منڈی،ٹاور مارکیٹ سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں بیک اَپ بیٹریز نہ خریدنا اور انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر حیسکو کی بجلی سپلائی پر اِنحصار کرنا عوام کے لیے ناقابلِ برداشت مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں حیسکو کی جانب سے 10 سے زائد گھنٹوں کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروس لوڈشیڈنگ کے دوران معطل ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے ناصرف بزنس کمیونٹی بلکہ طلباءفوڈ ڈیلیوری سروسز، کورئیر کمپنیز اورفری لانسرزو دیگر سروسز سیکٹر شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی یہ نااہلی نہ صرف ای کامرس اور ڈیجیٹل بزنس کو نقصان
پہنچا رہی ہے بلکہ طلباءکے لیے آن لائن تعلیم اور تحقیقی کام کو بھی ناممکن بنا دیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جدید دور میں انٹرنیٹ ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے، لیکن پی ٹی سی ایل کی غیر ذمہ داری عوام کو اِس سہولت سے محروم کر رہی ہے۔ حیسکو کی لوڈشیڈنگ کے دوران انٹرنیٹ کی معطلی سے کاروباری برادری کے روزمرہ اَمور میں رُکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، جبکہ فوڈ ڈیلیوری اور کورئیر سروسز اپنے آرڈرز وقت پر فراہم کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کا ”اُڑان پاکستان” منصوبہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے اور آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات پر مشتمل ہے۔ اُس منصوبے کا مقصد فری لانسنگ اور گیگ اِکانومی کے ذریعے 5 اَرب ڈالر کی آمدنی حاصل کرنا اور ہر سال 200,000 آئی ٹی ماہرین کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ تاہم پی ٹی سی ایل کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی میں کوتاہی اور بجلی کی معطلی کے دوران بیک اَپ بیٹریز کی عدم دستیابی اِس منصوبے کی کامیابی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ انٹرنیٹ کی مسلسل دستیابی کے بغیر آئی ٹی ماہرین کی تربیت اور آئی ٹی خدمات کی برآمدات کے اہداف کا حصول ممکن نہیںہے۔ لہٰذا پی ٹی سی ایل کو اپنی خدمات کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانی چاہیے تاکہ ”اُڑان پاکستان“ منصوبے کے مقاصد حاصل کیے جاسکیں اور ملک کی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے پی ٹی سی ایل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں بیک اپ بیٹریز کی تنصیب یقینی بنائی جائے تاکہ بجلی کی معطلی کے دوران انٹرنیٹ سروس بحال رہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ پی ٹی سی ایل کی نااہلی کا نوٹس لیا جائے کیونکہ یہ لاپرواہی ملکی معیشت اور عوام پر منفی اثر ڈال رہی ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔