اندرون سندھ اے ون گریڈ اور کراچی میں طلبہ کو فیل کردیا؟ فاروق ستار

97

کراچی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے
کراچی کے تعلیمی بورڈز کو تباہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، اندرون سندھ میں اے ون گریڈ اور کراچی میں طلبا کو فیل کیا جارہا ہے۔ بہادرآباد مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت نے بدعنوانی اور بد حکمرانی کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیے ہیں، چنگیز خان کا فارمولہ تھا کہ جب بغداد پر قبضہ ہوا تو انہوں نے تدریسی اداروں کو نذر آتش کردیا اور وہاں کے لوگوں کو اپنا غلام بنا لیا، حکومت سندھ کا بھی یہی نظریہ ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ کوٹہ سسٹم 1973 سے چل رہا ہے جس میں کراچی کے نوجوان پس رہے ہیں، اندرون سندھ کے نوجوانوں اور طالب علموں کو خودمختار بنایا گیا مگر شہری سندھ کے نوجوانوں کا بیڑا غرق کیا جا رہا ہے۔ وڈیرے، جاگیردار مزید طاقتور ہوگئے ہیں، اس سے ان کا پیٹ نہیں بھرا تو کراچی کے تعلیمی بورڈز کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا۔