بلوچستان میں لیویز فورس کو ختم کرنے سے روکنے کی قرارداد پیش

1048
the abolition of Levies Force in Balochistan

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں لیویز فورس کو ختم کرنے سے روکنے کی قرارداد پیش کی گئی ہے، حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے لیویز فورس کو ختم کرنے کی بجائے جدید خطوط پر استوار کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ایوان نے لیویز فورس کو ختم نہ کرنے کی قرارداد قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و قبائلی امور کے حوالے کر دی۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت 25 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے لیویز فورس کو ختم اور بی ایریا کو اے ایریا میں شامل کرنے سے روکنے کے لیے مشترکہ قرارداد پیش کی گئی۔قرارداد کا متن تھا کہ صوبے کی قومی اور علاقائی فورس ”لیویز“ کو بہتر انداز میں مضبوط کیا جائے، لیویز فورس امن و امان بحال کرنے میں صوبہ کے 85 فیصد رقبے میں تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ لیویز کو جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں اور جدید ٹریننگ دی جارہی ہے، دہشت گردی کو روکنے کے لیے لیویز اور پولیس لیس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے دو نہیں ایک ہونا چاہیے، ہمارا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ بی ایریا کو ختم کیا جائے، بلوچستان کے عوام کے مفاد عامہ میں فیصلہ کریں گے۔

ایوان نے لیویز کو ختم کرنے کی قرارداد قائمہ کمیٹی برائے داخلہ وقبائلی امور کے حوالے کردی جس کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کر دیا گیا۔