کرم میں ڈپٹی کمشنر پر ہونے والے حملے کے ملزمان کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حملے میں ملوث 5 افراد کے علاوہ ان کے سہولت کار بھی کارروائی میں شامل تھے۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جلد عمل میں لائی جائے گی۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے اتوار کے روز کوہاٹ میں ایک اہم سیکورٹی اجلاس منعقد ہو گا، جس کی صدارت انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کریں گے۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) اور ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) بھی شریک ہوں گے۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری، ندیم اسلم چودھری بھی کل کوہاٹ کا دورہ کریں گے۔ وہ علاقے کے معززین اور جرگہ مشران سے ملاقات کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان سے تعاون طلب کریں گے۔
حکام کے مطابق حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جلد ہی ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جائے گی۔ سیکورٹی حکام ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ علاقے کے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔