ضلع کرم: ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی

154

لوئر کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔

 اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے دوران تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کو ابتدائی طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا، انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔ 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بگن میں فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

آر پی او کوہاٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ فریقین کی جانب سے نہیں کی گئی بلکہ یہ حملہ نامعلوم افراد نے کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرکرم زخمی ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انتظامیہ کا قافلہ ہنگو کی تحصیل ٹل سے نکلنے کے لیے تیار تھا، مگر اب تک یہ قافلہ روانہ نہیں ہو سکا۔ قافلے کی روانگی کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔