کوئٹہ،غیرقانونی رکشوں کے خلاف کریک ڈائون شروع

94

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ایس پی ٹریفک پولیس صدر سید عاصم شاہ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان مندوخیل کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد علی درانی کی زیر نگرانی میں غیر قانونی رکشوں کے خلاف کریک ڈائون کیا گیاکریک ڈائون کے دران 10رکشوں،2پک اپ گاڑیوں سمیت 42چالان کئے گئے ہیں ،غیر قانونی رکشوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،بنا ہیلمنٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے چلنے والی مہم کی وجہ سے کافی حد تک کمی آگاہی پھیل گئی ہے اوریہ مہم اسی طرح جاری رکھیںگے ،ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف اوقات میںناکہ بندی کرکے کارروائیاں کی جاتی ہے ،کالے شیشوںکے استعمال کرنے والوں نے جعلی اور فرضی پرمٹ بنائے ہوئے ہیں ان کے خلاف کاروائی بھی تیز کردی گئی ہے اور ان کے جعلی پرمٹ ضبط کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرینگے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایس پی ٹریفک پولیس صدر سید عاصم شاہ نے کہا کہ منو جان روڈ اور سٹی ایریا میں ریڑھی بانوں اور تھڑے پر غیر قانونی تجاوزات بنانے والوں کو نوٹس جاری کرکے ان کے خلاف کارروائی کرکے قانونی چارہ جوئی کی جائیگی اور انہیں تھانے میں بند کیاجائے گا، شہر میں بنا نمبر موٹر سائیکلیں چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں کردی گئی ہے اور اوریجنل نمبر پلیٹیں لانے کے بعد انہیں چھوڑ دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کے نظام کی بحالی کو یقینی بنانے اور شہریوں کو ٹریفک حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا تمام افسران وشہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرینگے اور ٹریفک قوانین کیخلاف ورزیوں میں ملوث ڈرائیورزکیخلاف بھرپور قانونی کارروائی کی جا ئیگی۔