اسلام آباد (کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ 2025 کا آؤٹ لک مثبت ہے کیونکہ عسکری اور سیاسی قیادت نے معیشت کی بہتری اورملک کو مسائل سے نکالنے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام ایک بہتر مستقبل کے لیے پر امید ہو گئے ہیں۔ شاہد رشید بٹ نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ معاشی ترقی کی رفتار بڑھ رہی ہے جبکہ سیاسی استحکام بھی آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 غیر یقینی اور افراتفری کا سال مگر اب حالات بہتر ہو رہے ہیں جس سے لوگوں کی امید بڑھ گئی ہے۔گزشتہ سال دہشت گردی نے بھی ملک کو بڑا نقصان پہنچایا مگر افغانستان میں دہشت گردی کے اڈوں کو پاکستان کی جانب سے نشانہ بنانے اور دیگر اقدامات کی وجہ سے معاملات بہتر صورت اختیار کر سکتے ہیں۔شاہد رشید بٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اس کے معاشی منتظمین کی محنت کی بدولت مہنگائی کی شرح چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ اسٹاک مارکیٹ انڈیکس بھی تاریخ میں پہلی بار 100,000 سے تجاوز کر گیا، اور پالیسی ریٹ 22 فصدسے کم ہو کر 13فیصد پر آ گیا جس میں مزید کمی آئے گی جس سے کاروباری برادری اور عوام کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔