ٹیکس ہدف میں ناکامی: ایف بی آر میں تیسری بار تقرر و تبادلے

208
FBR reshuffles for third time

اسلام آباد: وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکامی کے بعد مسلسل تیسری بار مہینے کے آغاز پر محکمے میں افسران کے تقرر اور تبادلے کردیے۔

میڈیا ذرائع کاکہنا ہے کہ ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کسٹمز گروپ گریڈ 17 سے 21 کے 14 افسران کےتبادلے اور تقرریاں کی گئی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے محمد صادق کو ’چیف کلیکٹر ایکسپورٹس ان پٹ آؤٹ‘ کراچی کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا جبکہ مذکورہ گریڈ کے یعقوب مکو کو ممبر ایف بی آر تعینات کیا گیا۔

علاوہ ازیں گریڈ 21 کے عرفان الرحمٰن کو چیف کلیکٹر کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ اورگریڈ 19 کی نوشین ریاض خان کو ایف بی آر میں سیکریٹری تعینات کیا گیا۔

اسی طرح کسٹمز گروپ گریڈ 19 کے توصیف امان ایف بی آر میں سیکریٹری تعینات ہوئے ہیں۔وفاقی ریونیو بورڈ کے مطابق فیصلوں کا اطلاق فوری ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نومبر اور دسمبر 2024 کے آغاز پر بھی ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر افسران کے تبادلے کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر کے اوائل میں ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکامی کے بعد ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) کے گریڈ 17 سے 20 کے 60 افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی تھی۔

دریں اثنا ایف بی آر کو رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں محصولات کی وصولی کے ہدف میں تقریباً 386 ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ درآمدات میں کمی اور توقع سے کم افراط زر کی وجہ سے ٹیکس وصولیاں متاثر ہونا ہے۔