پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کی سست رفتار پر تحقیقات وزارت آئی ٹی کو بھیج دی

168

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کے معاملے پر اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزارت آئی ٹی کو ارسال کر دی ہے۔  اس کے علاوہ ٹیلی کام آپریٹرز اور فکسڈ لائن نیٹ ورک فراہم کرنے والوں نے بھی اپنے نیٹ ورکس پر درپیش مسائل کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں پی ٹی اے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک ٹیلی کام کمپنی کو سوشل میڈیا اور ویب براوزنگ کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ  ایکس پر بلاکنگ کے مسائل سامنے آئے۔ تاہم، ویب براوزنگ اور ڈیٹا سروسز سے متعلق کچھ آپریٹرز نے مسائل رپورٹ نہیں کیے۔ ایک اور ٹیلی کام کمپنی نے تمام بڑی ایپلیکیشنز میں ڈیٹا ٹریفک میں نمایاں کمی کی نشاندہی کی ہے۔

فکسڈ لائن آپریٹرز نے بھی انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے دوران مختلف مسائل کا تذکرہ کیا۔ پی ٹی اے کے حکام نے وضاحت کی ہے کہ وی پی این کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے بینڈوڈتھ پر اضافی دباؤ پڑا اور موجودہ انٹرنیٹ طلب کو پورا کرنے کے لیے بینڈوڈتھ میں اضافے کی ضرورت ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں ٹک ٹاک، واٹس ایپ، فیس بک، اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے جب کہ ویڈیو اسٹریمنگ، آن لائن کالز اور ویب براوزنگ کی رفتار میں کمی کی شکایات بھی شامل ہیں۔

پی ٹی اے نے وزارت آئی ٹی کو تجویز دی ہے کہ بڑھتی ہوئی انٹرنیٹ طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں تاکہ صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی وی پی این کے مؤثر انتظام اور نیٹ ورک کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔