کوئٹہ: مغربی ہواؤں سے بلوچستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشکی، کوئٹہ، پشین، مستونگ، قلات، خضدار، سوراب میں بارشیں ہو رہی ہیں، لورالائی، ہرنائی، زیارت، ژوب، شیرانی، دکی، قلعہ عبداللہ، چمن، چاغی اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی۔
دالبندین میں 18 ملی میٹر جبکہ پشین اور کوئٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، چمن، قلعہ سیف اللہ، کان مہترزئی، چاغی، رباط، کچاؤ اور ملحقہ علاقوں میں برف باری بھی رپورٹ ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جن اضلاع میں برف باری ہوئی وہاں ہیوی مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے، اب تک بارش یا برف باری سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران نوشکی، چاغی، چمن، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، پشین میں مزید بارش متوقع ہے، زیارت، ژوب، دکی، لورالائی، ہرنائی، مستونگ، قلات، خضدار اور سوراب میں بھی بارش کا امکان ہے۔