لاہور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے دعوی کیا ہےکہ ہمارے 5ہزار 700کارکن جیلوں میں ہیں، جن میں 40فیصد دیہاڑی دار طبقہ شامل ہیں جوروزمزدوری کرکے اپنے گھر کا چولہا جلاتاہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالی کا کوئی حساب نہیں رہا، پوری دنیا میں ہم بے عزت ہو رہے ہیں، ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ سیاستدان اکٹھے ہوئے ہیں تو سمجھداری کی بات کریں گے، بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کو نکالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ غریب مر رہے ہیں، ہم سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر مرگئے ہیں، ہم اگلی نسل کے لیے کیا چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 9مئی اور 26نومبر کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے، اگر غلطی ہوئی تو سزائیں دیں احتجاج کہیں بھی ہو سکتا ہے، لوگوں نے اس وجہ سے ری ایکٹ کیا عمران خان کو رینجرز نے پکڑا تھا، 26کو ہماے کارکن مارے گئے غریب اور امیروں کے بچے مارے گئے۔