ویسٹ انڈیز کیخلاف سہ روزہ وارم اپ میچ:پاکستان شاہینز اسکواڈ کا اعلان

475

لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف سہ روزہ میچ 10 جنوری سے اسلام آباد میں ہوگا، جس کے لیے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسلام آباد کلب میں ہونے والے  اس میچ کی قیادت  ٹیسٹ بیٹر امام الحق کریں گے جب کہ فاسٹ بالر موسیٰ خان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ انہوں نے حالیہ قائداعظم ٹرافی کے سیزن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5میچز میں 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ اسکواڈ 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گا اور اسی دن پاکستان شاہینز کا اسکواڈ بھی جمع ہوگا۔ شاہینز کی ٹریننگ 7 جنوری کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگی جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 8 اور 9 جنوری کو 2ٹریننگ سیشنز کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز17 جنوری سے ملتان میں شروع ہوگی۔ یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اور ملتان کے میدان میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان شاہینز اسکواڈ میں کپتان امام الحق، احمد بشیر، احمد صفی عبداللہ، علی زریاب، حسیب اللہ، حسین طلعت، کاشف علی، محمد ہریرہ، محمد رمیز جونیئر، محمد سلیمان، موسیٰ خان، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر اور سعد خان شامل ہیں۔

یہ وارم اپ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اہم ثابت ہوگا جس میں کھلاڑی ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنی تیاریوں کو جانچ سکیں گے۔