اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ افہام و تفہیم سے گریز اور مذاکرات سے انکار غیر جمہوری رویہ ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات جمہوری عمل کا انتہائی اہم جزو ہیں۔
یہ بات مولانا فضل الرحمان نے حکومتی اتحادی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان اور مسلم لیگی رہنما سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج مولانا کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور علالت پر ان کی مزاج پرسی کی۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہا کہ بڑے مسائل مل بیٹھ کر آپس میں گفتگو کے ذریعے ہی طے کیے جا سکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان کو ہر اعتبار سے استحکام اور باہمی اتحاد کی ضرورت ہے جس کے لیے سیاسی ہم آہنگی ضروری ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مولانا فضل الرحمن کو مذاکراتی عمل کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے کو خوش اسلوبی سے سلجھانے کے لیے مولانا فضل الرحمن کی کوششوں کو سراہا۔