سیاست میں مذاکرات جمہوریت کی مضبوطی کیلیے ناگزیر ہیں، مولانا فضل الرحمٰن

106

اسلام آباد:جے یو آئی کے سربراہ مولانا مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت جمہوری عمل کا ایک لازمی حصہ ہے جب کہ افہام و تفہیم سے بچنا اور مذاکرات سے انکار کرنا جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے۔

یہ بات انہوں نے حکومتی اتحادی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان اور مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کہی۔ عرفان صدیقی، مولانا فضل الرحمن سے ان کی علالت کے باعث مزاج پرسی کے لیے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کسی بھی بڑے مسئلے کو حل کرنے کے لیے مختلف فریقوں کا آپس میں بات چیت کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے سیاسی ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کی ضرورت ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے مولانا فضل الرحمن کو مذاکراتی عمل کی پیشرفت سے آگاہ کیا اور دینی مدارس کی رجسٹریشن کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔