بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع کولہاپور میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جہاں اسپیڈ بریکر کا زور دار جھٹکا لگنے سے ایک شخص، جسے مردہ قرار دیا جا چکا تھا، دوبارہ زندہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کولہاپور کے علاقے قصابہ بواڈا کے رہائشی 65 سالہ پانڈورنگ الپے کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ایک نجی اسپتال میں لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق پانڈورنگ الپے کے جسم کو مردہ سمجھ کر جب آخری رسومات کی تیاری کے لیے ایمبولینس میں منتقل کیا جا رہا تھا، تو راستے میں ایک اسپیڈ بریکر کے اوپر سے گزرتے ہوئے ایمبولینس کو زور دار جھٹکا لگا۔ اس جھٹکے کے بعد پانڈورنگ الپے کے اہلِ خانہ نے اس کی انگلیوں میں حرکت محسوس کی۔
اس حیران کن صورتحال کے بعد، اہلِ خانہ فوراً پانڈورنگ الپے کو دوبارہ اسپتال لے گئے، جہاں اس کا اینجیو پلاسٹی کیا گیا۔ 15 دن تک زیرِ علاج رہنے کے بعد وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گیا اور اسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔