اسلام آباد: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو ملک دشمن ایجنڈے پر کار بند قرار دے دیا۔
اپوزیشن اتحاد کےسربراہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں حنیف عباسی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حال ہی میں مغربی سرحد پر پاکستان نے دراندازی کا منہ توڑ جواب دیا، محمود اچکزئی دراندازی کرنے والوں کی ہمدردی میں بات کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی اپنے بھائی سے وفاداری پر بات کرنے سے پہلے محمود اچکزئی اپنے گریبان میں جھانکیں۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جھوٹ اور مکر محمود اچکزئی کا وتیرہ بن گیا، اُن سے کہوں گا کہ کبھی سچ سے بھی کام لے لیا کریں۔