کراچی: شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں نے ایک بار پھر رکارڈ سطح کی اُڑان بھر رکھی ہے، جہاں کمشنر کراچی کی طرف سے مقرر کردہ 635 روپے فی کلو کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں شہر بھر کے مختلف بازاروں میں مرغی کا گوشت 700 روپے اور صاف گوشت 740 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح شہر میں انڈے بھی 380 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں100 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہول سیل سطح پر زندہ مرغی کی قیمت480 روپے فی کلو ہو چکی ہے جب کہ سرکاری قیمت 410 روپے فی کلو ہے۔ اسی طرح انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس کی سرکاری قیمت300 روپے فی درجن تھی، لیکن اب یہ 380 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ 2دنوں سے مرغی کے سرکاری نرخ نامے کا اعلان نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے دکاندار اپنی مرضی سے مرغی کا گوشت بیچنے میں لگے ہیں۔ موسم سرما کے دوران مرغی اور انڈوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں طلب اور رسد میں عدم توازن پیدا ہوگیا ہے۔
صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمشنر کراچی کے ذریعے سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور عوام کو گراں فروشی سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کرے۔