فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے رہنماسردارظفرحسین خاں نے کرم ایجنسی میں فریقین کے درمیان جرگہ کے ذریعے اتفاق رائے اور امن کی بحالی کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے تمام اسٹیک ہولڈرز معاہدہ پر عملدرآمد کریں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ معاہدہ کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں، بااختیار طبقات بھی اپنی انا، ضد کی بنیاد پر انسانی جانوں کو مشق ستم نہ بنانے کی بجائے امن کی بحالی میں اپنا کردار داکریں گے۔توقع ہے کہ و فاقی، صوبائی حکومتیں اور قومی قیادت بلوچستان کے حالات کی بہتری، عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے بلاتاخیر کردار ادا کریں گی۔ حکومتیں اپنی عوام سے جنگ بند کریں اور قومی سلامتی کی جنگ میں عوام کا اعتماد بحال کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام امن، سیاسی استحکام اور اپنے معاشی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ تمام محب وطن، سنجیدہ لوگ سیاسی مذاکرات کے حق میں ہیں لیکن ہمیشہ سیاسی مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کیلئے سازشیں ہوتی ہیں۔ اس وقت خود حکومت اور اپوزیشن تذبذب اور مخمصہ کا شکار ہیں، حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کے ریموٹ کنٹرول کہیں اور ہیں۔ قومی سیاسی قیادت اور جمہوری قوتوں کو سیاسی بالغ نظری سے سیاسی بحرانوں کا حل نکالنا ہوگا۔ جماعت اسلامی پُرامن سیاسی، جمہوری، آئینی جدوجہد کی ہمیشہ حمایت اور خیرمقدم کرتی ہے۔ ملکی استحکام اور معاشی بحرانوں کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز قومی جذبہ اور سنجیدگی سے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے کھلے دِل کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں ۔