کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ ایک سو ملین ڈالر کے پانچ سالہ منصوبے کے تحت معیار تعلیم کی بہتری اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخلے اور فاصلاتی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، کابینہ نے میرٹ پر عمل درآمد کے لئے اصولی طور پر وزیر اعلیٰ کے عزم سے اتفاق کیا ہے،بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروگرام کے تحت زرعی پانی کے درست استعمال اور واٹر مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا،ریڈیو پاکستان بھی ریاست کا ایک ادارہ ہے صوبائی حکومت کسی تنازعہ میں پڑنا نہیں چاہتی کرکٹ اکیڈمی کو مناسب متبادل جگہ پر تعمیر کا فیصلہ کیا گیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز بلو چستان کا بینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق بلوچستان کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مفاد عامہ سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے،انہوں نے کہا کہ کا بینہ نے بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروگرام کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے اس پروگرام پرورلڈ بینک کے سوفٹ لون کے تحت عمل درآمد کیا جائے گامنصوبے سے زرعی پانی کے درست استعمال اور واٹر مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا، انہوںنے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے پالیسی گائیڈ لائن فار ٹریڈنگ ان کاربن مارکیٹس کی منظوری بھی دی ہے گائیڈ لائن کے تحت وفاقی سطح پر کاربن مارکیٹ ورکنگ گروپ بنے گا، ورکنگ گروپ میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہوگی، جس میں بلوچستان سمیت چاروں صوبوں کی باہمی مشاورت سے کاربن مارکیٹ سے متعلق پالیسی بنے گی، ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے ریڈیو پاکستان سریاب روڑ کوئٹہ کی اراضی پر کرکٹ اکیڈمی کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے بارہاں کوششوں کے باوجود ریڈیو پاکستان یہ اراضی دینے کے لئے راضی نہیں ہوا ریڈیو پاکستان بھی ریاست کا ایک ادارہ ہے صوبائی حکومت کسی تنازعہ میں پڑنا نہیں چاہتی اس لئے کرکٹ اکیڈمی کو مناسب متبادل جگہ پر تعمیر کا فیصلہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے صوبے کے دور دراز علاقوں کے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دی ہے جس کے تحت اسکولوں میں بنیادی سہولیات اور معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ورلڈ بنک کے تعاون سے منصوبہ شروع کیا جائے گا کابینہ نے ایک سو ملین ڈالر کے پانچ سالہ منصوبے کی منظوری دے دی ہے مذکو رہ منصوبے کے تحت معیار تعلیم کی بہتری اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخلے اور فاصلاتی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔