محراب پور(جسارت نیوز)نوشہرو فیروز میں ایف آئی اے،سائبر کرائم ونگ کی بڑی کارروائی،حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا،کرنسی سمیت ایک ملزم گرفتار ذرائع کے مطابق درس پولیس تھانہ کی حدود میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ اسلام آباد زون اور سائبر کرائم ونگ نے ایک نجی جگہ پر چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا بڑا نیٹ ورک پکڑلیا، کارروائی میں مورو کے رہائشی ایک ملزم ادریس احمد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 31557 امریکی ڈالر، 105861 سعودی ریال، 13200 یورو، 67700 ترکش لیرا، 1585 یو اے ای درہم، 1535 برطانوی پاونڈ، 10000 کورین یوآن، 161 عمانی ریال، 240 آسٹریلین ڈالر، 200 قطری ریال، 56 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے، سوئس فنک، ملائیشین رنگٹ، کویتی اور بحرینی دینار بھی برآمدہوئے ہیں جن کی مالیت 2 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے،ملزم سے موبائل فونز چیک بک اورحوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی ملے ہیں،ملزم کیخلاف کارروائی خفیہ اطلاعات پر عمل میں لائی گئی،ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔