واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی حکومت کا پول کھول دیا ،جاوید قصوری

52

لاہور (وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں چلائے جانے والے دہشت گردی کے نیٹ ورک کا پول کھول دیا ہے۔پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا گھنائونا کردار ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا۔ عالمی دنیا بھی ماننے پر مجبور ہو چکی ہے کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفو د سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بھارت نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں بھی ماورائے عدالت قتل کروائے ہیں۔ گزشتہ برس پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے شواہد منظر عام پر آچکے ہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان شواہد کے ساتھ پاکستانی سرزمین پر بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کر ے۔مودی حکومت نہ صرف دہشت گردی کو کھلم کھلا سپورٹ کر رہی ہے بلکہ ان کی مالی معاونت میں بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آباد اقلتوں سے لیکر مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور پوری دنیا میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو چلانے تک ہر جگہ بھارتی انتہا پسند حکومت ننگی ہو چکی ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھارتی جارحیت کے خلاف کھل کر بولے اور دنیا کے امن کو تباہی سے بچائے۔ محمدجاویدد قصوری نے ورلڈ بنک کی تازہ رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معاشی صورتحال گھمبیر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ حکومت مہنگائی میں کمی اور معیشت میں بہتری کے غلط اعداد و شمار قوم کے سامنے پیش کر کے گمراہ کر رہی ہے جبکہ حقیقی صورتحال یہ ہے کہ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق 2024ء￿ میں پاکستان میں غربت کی شرح 25.3 فیصد رہی، جو 2023ء￿ کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے، ایک سال کے دوران ایک کروڑ 30 لاکھ مزید پاکستانی غربت کا شکار ہوگئے۔